دس کروڑ گاہکوں تک کیسے پہنچا 'نیوز ہنٹ' !

دس کروڑ گاہکوں تک کیسے پہنچا 'نیوز ہنٹ' !

Sunday February 21, 2016,

6 min Read

محض دو برس قبل شروع کی گئی ایک کمپنی آج 100 ملین گاہکوں سے وابستہ ہوچکی ہے۔ یقین نہیں ہوتا نا؟ لیکن کامیابی کی یہ غیر معمولی مثال ویریندر گپتا اور ان کے ساتھیوں نے قائم کر کے دکھائی ہے۔ اتنی بڑی کامیابی کی یہ کہانی عدیم المثال ہے لیکن جیسے جیسے ہم اس کے اوراق پلٹتے ہیں، ہمارے لئے تحریک سے پُر کئی مثالیں سامنے آتی ہیں۔ ویریندر گپتا اور 'نیوز ہنٹ' کے چھوٹے لیکن کامیاب سفر میں تخلیقیت سے رچے بسے اس راستے سے ہدف کو حاصل کرلینے کی کہانی مضمر ہے۔

K


image


ویریندر 'ورس انوویشن' کے سی۔ای۔او اور معاون بانی ہیں۔ ان کی کمپنی 'ورس انوویشن' نے دو سال قبل 'نیوز ہنٹ' نامی کمپنی حاصل کی تھی۔

ویریندر گپتا نے ملک میں بڑھ رہی ڈیجیٹل خلیج پر پُل بنانے کا خواب دیکھا جسے پورا کرنے کے لئے انہوں نے اسی ہنر کا سہارا لیا جو ان کے پاس پہلے ہی سے موجود تھا۔ انہوں نے موبائل ٹکنالوجی سے زبان کو ایسی تخلیقیت کے ساتھ جوڑا کہ غیر معمولی کامیابی ان کے قدم چوم رہی ہے۔

'نیوز ہنٹ' آج بھارت کا ایک مشہور موبائل اپلیکیشن ہے جو ملک کی الگ الگ زبانوں کے اخبارات اور کتابوں کو موبائل کے ذریعے لوگوں تک پہنچاتا ہے۔ 'نیوز ہنٹ' کو 36 ملین لوگ موبائل پر انسٹال کر چکے ہیں۔

'نیوز ہنٹ' ملک میں ڈیجیٹل زبان کا انقلاب لایا ہے۔ ایک کہاوت بھارت میں مشہور ہے کہ 'کوس کوس پر پانی بدلے اور چار کوس پر وانی'۔ 2001 کی مردم شماری کے مطابق بھارت میں 30 زبانیں بولی جاتی ہیں اور اس تنوع کو موقعے میں تبدیل کرنے کا سہرا ویریندر کے سر بندھتا ہے۔

ملک میں 74 فیصد خواندہ لوگوں میں سے 10 فی صد لوگ ہی انگریزی پڑھ سکتے ہیں ۔ بقیہ لوگوں کی بہت بڑی تعداد مقامی زبانوں کے اخبارات اور کتابوں کے قاری ہیں۔ اسی بڑے فرق کے سوال کے جواب میں ویریندر نے اپنی دوراندیشی سے دیا۔

موافق بازار نے کیا تعاون:

ویریندر کا ماننا ہے کہ 'نیوز ہنٹ' ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو لسانی رنگا رنگی والے اس ملک میں موبائل کے ذریعے لوگوں تک پہنچنے کا ایک بہترین ذریعہ بن گیا ہے۔ جہاں آج دنیا میں سب سے زیادہ تعداد میں موبائل فونس استعمال کرنے والوں میں بھارت دوسرے نمبر پر ہے وہیں 'نیوز ہنٹ ایپ' نے 12 زبانوں میں 100 سے زیادہ اخبار لوگوں تک پہنچانے کا کام کیا ہے۔ آج ہاتھ میں موبائل فون لئے کوئی بھی شخص اپنی زبان میں اس موبائل ایپلیکیشن پر اخبار پڑھ سکتا ہے۔

وہیں بازار کی حالت بھی ان کا ساتھ دیتی نظر آتی ہے۔ حال ہی میں کئے گئے 'ڈے لائٹ' کے ایک سروے کے مطابق ملک میں مقامی زبانوں کے پرنٹ مارکیٹ میں 11 فی صدی کا اضافہ دیکھا گیا ہے جب کہ انگریزی میں یہ ہندسہ صرف 5 فی صدی ہے۔ رجسٹرار آف نیوز پیپرس آف انڈیا کے مطابق ملک میں 82237 اخبارات رجسٹر کئے جاچکے ہیں۔ ایسے میں ویریندر اور ان کی ٹیم کے لئے امکانات بہت روشن ہیں۔

'نیوز ہنٹ' پر کتابیں بھی دستیاب ہیں:


'نیوز ہنٹ' کی کامیابی کے پسِ پردہ ان کی ٹیم کے نئے اور اختراعی خیالات کار فرما ہیں۔ بھارت کی مقامی زبانوں کا ادب قابلِ لحاظ رہا ہے اور اسی سے تحریک پاکر اپلیکیشن میں ہندوستانی زبانوں میں کتابیں دستیاب کروائی گئی ہیں۔ کڑی محنت سے ممکن بنائی گئی اس کوشش سے ان کا یہ منصوبہ بھی کامیابی کی چوٹی پر پہنچ چکا ہے۔ چھ ہفتوں میں مختلف مقامی زبانوں میں پانچ لاکھ سے زیادہ کتابیں ڈاؤنلوڈ کی جاچکی ہیں۔

'نیوز ہنٹ' سب سے مقبول موبائل اپلیکیشن:

واٹس اپ، فیس بک اور یو ٹیوب جیسے مقبولِ عام اپلیکیشن کے ساتھ 'نیوز ہنٹ ' بھی ٹاپ 10 موبائل اپلیکیشن کی فہرست میں شامل ہے۔ یہ بھارت کا واحد اپلیکیشن ہے جوا س فہرست میں شامل ہے۔ اے۔سی۔سیلسن کے سروے میں یہ بتایا گیا ہے کہ اس کو استعمال کرنے والے لوگ اپلیکیشن پر فیس بک اور یو ٹیوب سے زیادہ وقت گزارتے ہیں۔'نیوز ہنٹ' کو ملنے والے تین کروڑ 60 لاکھ انسٹال اور ایک مہینے میں ایک ارب پیج ویوز، اتنے بڑے ہندسے ہیں جو ویریندر اور ان کی ٹیم کی فلک بوس کامیابی کو بیان کرتے ہیں۔

نئی منزلیں کی جانب بڑھتے قدم، اگلا ہدف مائکرو پیمینٹ 'آئی ۔پے':

کہتے ہیں کامیاب تاجر وہی ہوتے ہیں جو ایک کامیابی کے بعد رُکتے نہیں ہیں اور اپنے ہدف کو پانے کے بعد بھی نئی منزلوں کے راستے تلاش کرنے لگتے ہیں۔ 'نیوز ہنٹ' کی ٹیم اب بھارت میں ڈیجیٹل دنیا کی ایک اور مشکل کے آسان حل کی تلاش کا کام کر رہی ہے، اور وہ مشکل ہے 'آن لائن ادائیگی'۔ 'نیوز ہنٹ' آن لائن ادائیگی اور اس سے وابستہ کئی پہلوؤں پر کام کررہی ہے۔ 'نیوز ہنٹ' کی ٹیم نے آن لائن ادائیگی کے آسان متبادلات تیار کئے ہیں جو ائرٹیل، ووڈافون اور آئیڈیا جیسی نمائندہ کمپنیاں استعمال کر رہی ہیں۔ کمپنی ملک میں اب تک آن لائن لین دین سے ہنوز وابستہ نہ ہوسکنے والے چھوٹے کاروباریوں کے لئے بھی آسان متبادلات مہیا کروارہی ہے۔

کامیابی کا منتر:

ویریندر گپتا اور ان کے معاونین نے جب 'نیوز ہنٹ' کو حاصل کیا تھا تب ٹیم نے کڑی محنت سے اپنے ہدف کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی۔ ویریندر ٹیم لیڈر کے طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ وہ جو توقعات دوسروں سے وابستہ کرتے ہیں ، سب سے پہلے وہ خود پر نافذ کرتے ہیں۔ موبائل ٹکنالوجی میں ماہر ان کی ٹیم ہندوستان میں بڑی تعداد میں موبائل استعمال کرنے والے گاہکوں کی ضروریات اور سہولتوں کے بارے میں سنجیدگی سے مطالعہ کر رہی ہے۔

جودھپور کے رہنے والے ویریندر محض دو سال میں حاصل کی گئی اپنی بے مثال کامیابی کے باوجود شہرت سے پرہیز کرتے ہیں۔ لیکن ٹیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ویریندر کی آنکھوں میں چمک آجاتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ان کی کامیابی کا راز ہے بھارت میں ڈیجیٹل دنیا کے حقیقی مسائل کا حل تلاش کرنے میں ان کی ٹیم کی محنت۔ 'نیوز ہنٹ' کی ٹیم لگاتار ملک میں گاہکوں کے خیالات اور ان کی طلب میں ہورہی تبدیلیوں اور رجحانات کا مطالعہ کرتی ہے تاکہ موبائل کے شعبے میں جو خدمات دی جارہی ہیں انہیں بہتر بنایا جاسکے۔

ویریندر گپتا نئی نسل کے ان کاروباریوں میں شمار ہوتے ہیں جو تجارت کے مواقع تلاش کرکے انہیں گاہکوں اور کاروباریوں ، دونوں کے لئے سودمند اور نفع بخش حالت میں تبدیل کردیتے ہیں۔

ویریندر گپتا کی کہانی کڑی محنت اور دور اندیشی سے ملی ناممکن سی دکھائی دینے والی لیکن تحریک افزاء کہانی ہے۔ ویریندر گپتا نے ثابت کردکھایا ہے کہ 'انسان اگر ٹھان لے تو کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔'

تحریر:ورک فورس

مترجم: خان حسنین عاقبؔ