ایک ایسی ویب سائٹ جہاں خریداری کے ساتھ ساتھ قیمتوں کا موازنہ بھی کیا جا سکتا ہے...

ایک ایسی ویب سائٹ جہاں خریداری کے ساتھ ساتھ قیمتوں کا موازنہ بھی کیا جا سکتا ہے...

Friday November 27, 2015,

5 min Read

فروری، 2015 میں شروع ہوا ’ فیڈریٹیڈ مارٹ‘ ...

کمپیوٹر، موبائل، الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتوں کا کر سکتے ہیں کا موازنہ ...

گھریلو آلات و مشینوں اور صنعتی مصنوعات کی خریداری کر سکتے ہیں اِس ویب سائٹ پر...


ای کامرس کے بازار میں کئی ایسی ویب سائٹس ہیں جو مختلف طرح کی مصنوعات مختلف قیمتوں پرفروخت کرتی ہیں، یعنی ایک ہی چیز کی قیمت میں کمی بیشی کا نمایاں فرق ہوتا ہے ۔ جبکہ اِن میں سے زیادہ تر کا دعویٰ ہوتا ہے کہ اُن کی ویب سائٹ پر ملنے والی مصنوعات سب سے سستی ہیں۔ ایسے میں خریدار کو یہ پتہ نہیں چل پاتا کہ مطلوبہ شئے کی جو قیمت وہ ادا کر رہا ہے ، وہی شئے دوسری ویب سائٹ پر اِس سے کم قیمت پر تو دستیاب نہیں ہے؟ گاہکوں کی اسی کشمکش اور تذبذب کو دُور کرنے کا کام کر رہا ہے ’فیڈریٹیڈ مارٹ‘۔

image


’فیڈریٹیڈ مارٹ‘ کے بانی ہیں پنکج راج ۔ جنہوں نے آگرہ کے ديال باغ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ سے میکینکل انجینئرنگ میں گریجویشن کیا۔ اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکہ چلے گئے۔ وہاں پر انہوں نے ’ ورجینیا پالی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ‘ سے ایم ایس کی ڈگری حاصل کی ۔ اس کے بعد وہ امریکہ کی ایک سافٹ ویئر کمپنی میں کام کرنے لگے ۔ یہاں پر انہوں نے ’ جاوا‘ اور ویب ٹیکنالوجی سے متعلق شعبے میں کام کیا۔ چند سال امریکہ میں گزارنے کے بعد وہ ہندوستان آ گئے اور یہاں آکر وہ سافٹ ویئر سے متعلق ’نِٹ‘ (NIT)اور دیگر کمپنیوں کے لئے کام کرنے لگے ۔

پنکج کا کہنا ہے کہ

’’ میَں نے امریکہ میں دیکھا تھا کہ مختلف ویب سائٹس پر ملنے والی مصنوعات کی قیمتوں کے موازنے کے لئے کئی طرح کی ویب سائٹس تھیں ، جن سے خریدارکو آسانی سے پتہ چل جاتا تھا کہ جو سامان وہ خریدناچاہتا ہے وہ کس ویب سائٹ پرکم سے کم قیمت پر مِل سکتا ہے ۔‘‘

اتنا ہی نہیں ،جب پنکج امریکہ سے ہندوستان واپس آئے تو اُس وقت ملک کے ای کامرس مارکیٹ میں کافی اُتھل پتھل ہو رہی تھی ۔ اِن حالات میں انہوں نے بھی محسوس کیا کہ مختلف ویب سائٹس پرموجود مصنوعات کی قیمتوں کا موازنہ کرنے کا آئیڈیا اپنے ملک میں بھی کارگر اور مقبول ہو سکتا ہے ۔ لہٰذا کچھ سال ہندوستان میں ملازمت کرنے کے بعد اگست 2014 میں انہوں نے اِس سلسلے میں کام شروع کر دیا۔

image


’فیڈریٹیڈ مارٹ‘ کی ابتداء

پنکج کے مطابق، انہوں نے اس کام کا آغازاپنی بچت کے پیسے لگا کرکیا اور سب سے پہلے انہوں نے مختلف ویب سائٹس سے ڈیٹا جمع کرنے کا کام شروع کیا ۔ اس طرح یہ ٹیکنک ڈیولپ کرنے میں پنکج کو تقریباً 4 ماہ لگ گئے تھے ۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے کچھ دوستوں کے تعاون سے پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی کے طور پر’فیڈریٹیڈ مارٹ‘ شروع کیا ۔ اِس کے ساتھ ساتھ ان لوگوں نے دیکھا کہ مارکیٹ میں ایسی کئی مصنوعات ہیں جو آن لائن مارکیٹ میں زیادہ نمایاں طور پر سامنے نہیں آئی ہیں ۔ جیسے گھریلو آلات و مشینیں اور صنعتی مصنوعات ۔ اس لئے ان لوگوں نے اس شعبے کے تقسیم کاروں کو اپنے ساتھ شامل کرنے کا کام شروع کیا تاکہ وہ لوگ اپنی مصنوعات پنکج کی ویب سائٹ پر ’ڈِسپلے‘ کر سکیں ۔

ای کامرس کا مشترکہ بازار

آج ’فیڈریٹیڈ مارٹ‘ میں آن لائن کمپیوٹر، موبائل، الیکٹرانک اور فیشن مصنوعات کی قیمتوں کا نہ صرف موازنہ کیا جاتا ہے بلکہ اس ویب سائٹ میں گھریلو آلات و مشینیں اور بہت سی صنعتی مصنوعات بھی فروخت کے لئے دستیاب رہتی ہیں ۔ پنکج کا کہنا ہے کہ ’’ فیڈریٹیڈ مارٹ‘ کا مطلب بھی یہی ہے کہ ایسا مشترکہ بازار جہاں پر تمام ای کامرس ’سیلر‘ ہوں‘‘۔ ’فیڈریٹیڈ مارٹ‘ کا آغاز اس سال فروری میں ’بیٹا‘(Beta) ورژن کے طور پر ہوا تھا ۔ شروعات میں صرف مختلف ویب سائٹس پر ملنے والی مصنوعات کی قیمتوں کاموازنہ یا تقابل کیا جاتا تھا ۔ اِس کے بعد ماہِ جُون میں اِن لوگوں نے مصنوعات فروخت کرنے کا کام بھی شروع کر دیا ۔ پنکج کا کہنا ہے کہ جو لوگ کسی ’پروڈکٹ‘ کی قیمت کا موازنہ کرنے کے لئے ’فیڈریٹیڈ مارٹ‘ پر آتے ، وہ ویب سائٹ پر فروخت کے لئے موجود مصنوعات میں بھی دلچسپی دِکھاتے ۔ ٹھیک اِسی طرح جو گاہک اِن کی ویب سائٹ پر کچھ خریداری کے لئے آتے، وہ مصنوعات کی قیمتوں کا موازنہ بھی اِن کی ویب سائٹ پر کرنے لگے ۔ اِس طرح سے اِن کا ایک کاروبار دوسرے کو بھی فائدہ پہنچا رہا تھا ۔ پنکج کا کہنا ہے کہ

’’موجودہ دور میں ’فیڈریٹیڈ مارٹ‘ مارکیٹ میں ایک منفرد ’ماڈل‘ ہے کیونکہ زیادہ تر ویب سائٹس یا تو صرف مصنوعات کی قیمتوں کا تقابل کرتی ہیں یا پھر اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے مصنوعات کی فروخت کا کام کرتی ہیں ۔‘‘

یہی وجہ ہے کہ جہاں پرگنجائش بہت کم ہے، جیسے موبائل اور الیکٹرانک مصنوعات تو وہاں پر یہ لوگ اُن مصنوعات کی قیمتوں کا موازنہ کرتے ہیں ۔ وہیں دوسری طرف جہاں پر چند لوگ ہی مصنوعات فروخت کر رہے ہیں وہاں پر یہ لوگ مصنوعات کی فروخت کا کام کر رہے ہیں۔

image


مستقبل کی منصوبہ بندی

آج اِن کی ویب سائٹ پر ہر روز 100 سے زیادہ لوگ آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جہاں ابتدائی مہینےمیں اِن کی فروخت تقریباً 70 ہزار روپے کے آس پاس ہوتی تھی، وہ اب 1 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے ۔ مستقبل میں اِن کی منصوبہ بندی ایسی مصنوعات کو اپنی ویب سائٹ میں جگہ دینے کی ہے جو دوسری ویب سائٹس پر فروخت کے لئے دستیاب نہیں ہیں ۔ پنکج کا کہنا ہے کہ یہ ای کامرس کے لئے ایک طرح سے ’سرچ انجن‘ کا بھی کام کرتا ہے ۔ مثال کے طور پر اگر کسی کواپنی ضرورت کے مطابق مخصوص طرز کے كمپيوٹر کی ضرورت ہے تو وہ ’فیڈریٹیڈ مارٹ‘ میں آکر ڈھونڈ سکتا ہے ۔ فی الحال اِن کو تلاش ہے سرمایہ کاروں کی تاکہ اپنے کام کو زیادہ سے زیادہ فروغ دے سکیں ۔

ویب سائٹ : www.federatedmart.com

قلمکار : ہریش بِشٹ

مترجم : انور مِرزا

Writer : Harish Bisht

Translation by : Anwar Mirza