قرض لے کر کرکٹ کھیلنے والے ، مزدور کے بیٹے کو ملا 3.20 کروڑ ، آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس نے خریدا

قرض لے کر کرکٹ کھیلنے والے ، مزدور کے بیٹے کو ملا 3.20 کروڑ ، آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس نے خریدا

Tuesday February 09, 2016,

5 min Read

جے پور کے تیز گیند باز ناتھو سنگھ کو ممبئی انڈینس نے خریدا۔۔۔


چار سال پہلے ہی قرض لے کر کرکٹ کھیلنا شروع کیا تھا۔۔۔۔


ناتھو سنگھ کے والد فیکٹری میں مزدوری کرتے ہیں۔۔۔۔


قدرت کا اصول ہے کہ ہر شخص کی زندگی میں اچھے اور بُرے دن آتے ہیں۔ جو لوگ واقعی مسلسل حاشئے پر ہیں، جن کی زندگی میں لگاتار تنگی ہے، اسے قدرت ایک موقع ضرور دیتی ہے۔ لیکن کچھ لوگ اس موقعے کو حاصل کرلیتے ہیں اور کچھ اس اشارے کو سمجھ نہیں پاتے۔ جو لوگ اس موقعے کو حاصل کر نا چاہتے ہیں وہ دراصل اسے پانے میں جی جان سے جُٹ جاتے ہیں۔ دنیا بھر میں انہیں صرف اپنا ہدف دکھائی دیتا ہے اور وہ اسے پانے کے لئے ہر وہ کوشش کرتے ہیں جو کئی مرتبہ ان کے امکان سے باہر ہوتی ہے۔ کچھ ایسا ہی کردکھایا ہے جے پور کے کرکٹر کھلاڑی ناتھو سنگھ نے۔ ناتھو سنگھ کی ہر سانس میں کرکٹ ہے ۔ سونا، اُٹھنا، کھانا ، پینا، سب کچھ۔ جنون سے بھی آگے کی کوئی چیز۔ اس بات کا اندازہ آپ اسی سے لگاسکتے ہیں کہ ناتھو سنگھ کے گھر والوں نے ان کے جنون کے دیکھتے ہوئے چار سال پہلے قرض لیا ۔ اور آج زندگی کی دوسری تصویر یہ ہے کہ ناتھو سنگھ کو آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینس نے تین کروڑ بیس لاکھ روپئوں میں خرید لیا ہے۔

image


کرکٹ کو لے کر ایک پرانی کہاوت ہے ۔ کرکٹ غریبوں کا کھیل نہیں ہے۔ لیکن جے پور کے ناتھو سنگھ نے اس کہاوت کو سرے سے غلط ثابت کردکھایا ہے۔ ایک فیکٹری میں دن رات مزدوری کر کے اپنے بیٹے کو اس مقام تک پہنچانے والے والدین کو یقین نہیں ہورہا ہے کہ ان کے بیٹے کو اتنی بڑی رقم ملی ہے۔ کرکٹ کی کِٹ تک کے لئے محتاج رہنے والے ناتھو سنگھ کو بھی اب تک یقین نہیں ہورہا ہے کہ ممبئی انڈینس نے انہیں اتنی رقم دی ہے۔ ناتھو سنگھ اس رقم سے گھرکی مرمت کروانا چاہتے ہیں۔ خاندان کا تو بس یہی خواب ہے کہ بیٹا اب انڈین ٹیم میں شامل ہوجائے۔

قرض لے کر کرکٹ کی شروعات:

چار سال پہلے ناتھو سنگھ کے والد بھرت سنگھ نے ایک تاجر سے دو روپئے فی صدی کی شرحِ سود پر دس ہزار روپئے قرض لے کر بیٹے کی کوچنگ کے لئے 'سُرانا' کرکٹ اکیڈمی میں ناتھو سنگھ کا داخلہ کروایا تھا۔ حالانکہ ناتھو سنگھ کے والد اس بات کے لئے تیار نہیں تھے ۔ ان کا ماننا تھا کہ ان کا بیٹا پیسے برباد کر دے گا اور گھر کی حالت بد سے بد تر ہوجائے گی۔۔ بھرت سنگھ پہلے ہی فیکٹری میں اوور ٹائم کر کے 12 سے لے کر 16 گھنٹوں تک کام کرکے خاندان کا پیٹ پالتے تھے۔ ان کے والدبھرت سنگھ کہتے ہیں،

"میں نےتو اپنی زندگی میں سب سے زیادہ 12 ہزار روپئے کمائے ہیں۔ میں نہیں چاہتا تھا کہ ناتھو کرکٹ کھیلے، کیونکہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔ میں تو دو ۔ دو شفٹ میں بارہ بارہ، سولہ سولہ گھنٹے کام کرتا تھا۔ لیکن رشتہ داروں کے کہنے پر میں تیار ہوا۔ لیکن آج میں بہت خوش ہوں۔"
image



گھونگھٹ کے اندر سے ناتھو سنگھ کی ماں سروج کنور کہتی ہیں،

"بہت خوشی ہے کہ بیٹا بڑا آدمی بن گیا ہے۔ اس کے لئے انہوں نے بھی بہت جدوجہد کی ہے۔"

جےپور کی باہری علاقے میں شہر کے تقریباً 15 کلومیٹر دور بھرت سنگھ کے دو کمروں والے چھوٹے سے مکان میں بیٹے ناتھو سنگھ کو مبارکباد دینے والوں کا تانتا لگا ہوا ہے۔ بیٹے نے والد اور خاندان کا نام روشن کیا ہے۔ 140 سے 142 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندبازی کرنے والے ناتھو سنگھ گزشتہ سال سے لگاتار دیودھر ٹرافی اور رنجی ٹرافی میں اچھا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ناتھو سنگھ کو یقین تھا کہ ان کا نام بھی نیلامی میں ضرور آئے گا۔ لیکن جب آئی پی ایل کی نیلامی ہورہی تھی تو ناتھو سنگھ کافی تناؤ میں تھے۔ ٹینشن کی وجہ سے وہ دوست کے یہاں بیٹھے تھے۔ جیسے ہی دس لاکھ کی نیلامی میں ناتھو کا نام آیا، ناتھو سنگھ دوستوں کے ساتھ مستی میں جھومنے لگے۔ انہیں تو شام تک پتہ چلا کہ نیلامی بڑھتے بڑھتے جب آگے بڑھی تو ممبئی انڈینس نے انہیں تین کروڑ بیس لاکھ میں خریدا ہے۔ دوستوں نے بتایا تو ناتھو سنگھ کو یقین ہی نہیں ہوا۔ ناتھو سنگھ نے 'یور اسٹوری' کو بتایا،

کھلاڑیوں کی نیلامی کے وقت میں اتنا نروس تھا کہ دن بھر ایک دوست کے گھرمیں بند رہا۔ کُل 351 کھلاڑی نیلامی کا حصہ تھے۔ لیکن جب رائل چیلینجر بنگلور نے دس لاکھ میں مجھے خریدنے کے لئے بولی لگائی تومیری خوشی کا ٹھکانہ نہیں تھا۔ مجھے تو تین کروڑ بیس لاکھ یاد ہی نہیں ہیں۔ ابھی تک وہ دس لکھ ہی ذہن میں بسے ہوئے ہیں۔"
image


ناتھو سنگھ کے کمرے میں ایک چارپائی ہے جہاں وہ سوتے ہیں۔ بغل کے ریک پر کامیابی کے تمغے رکھے ہیں۔ ناتھو سنگھ ان کو دیکھتے ہوئے بتاتے ہیں،

"میں دوسرے سینئر کھلاڑیوں کے سیکنڈ ہینڈ کِٹ اور اسپائک خرید کر اپنا کام چلاتا رہا ہوں۔ لیکن مجھے یقین تھا کہ ایک دن میں ٹیم انڈیا کے لئے کھیلوں گا۔ یہ کامیابی میرے لئے بڑی ہے لیکن میں خود کو کامیاب تب مانوں گا جب میں ٹیم انڈیا کے لئے کھیلوں گا۔"
image


گزشتہ سال اکتوبر میں دہلی کے خلاف اپنے پہلے ہی رنجی میں دہلی کے خلاف 6 وکٹ لے کر ناتھو سنگھ نے سب کو چونکا دیا تھا۔ گوتم گمبھیر نے بھی آؤٹ ہونے کے بعد ان سے کہا تھا کہ لڑکے میں دم ہے۔ آئی پی ایل کے اس نوویں ایڈیشن میں کُل 138 کروڑ کی بولی لگی۔ ناتھو کے لئے رائل چیلینجر بنگلور، دہلی ڈئر ڈیولس اور ممبئی انڈینس نے بولی لگائی تھی۔


تحریر: رِمپی کُماری

مترجم: خان حسنین عاقبؔ