ٹراویل انڈسٹری میں دو سہلیوں کا کامیاب سفر

ٹراویل انڈسٹری میں دو سہلیوں کا کامیاب سفر

Friday December 25, 2015,

7 min Read

حالیہ چند برسوں میں تجرباتی سفر کی صنعت نے نمایاں ترقی کی ہے ۔ناہموار راستوں اور مقامات کے علاوہ لوگ عام مقامات سے ہٹ کر سفر کیلئے نئی منزلوں میں دلچسپی کا اظہار کرر ہے ہیں ۔ ان حالات میں ٹراویل مارکٹ میں نئی کمپنیوں یعنی اسٹارٹپ کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے جو کسٹمرس کو پیکج ٹور سے کچھ زیادہ کی پیش کش کررہی ہیں ۔ٹراویل مارکٹ کے مسائل کو حل کرنے اور کسٹمرس کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے ایسی کئی کمپنیاں قائم ہورہی ہیں ۔ ان ہی میں ایک نام بروکن کمپاس کا بھی ہے جہاں دو سہلیاں منجری اور اوانی پٹیل اپنی ملازمتوں سے بیزار ہوگئے تھے۔انہوں نے خود سے سوال کیاکہ اب آگے کیا ؟ان کو جو واحد جواب ملا وہ ’’ٹراویل‘‘تھا۔منجری اور اوانی ’’بروکن کمپاس ‘‘کی شریک بانی ہیں ۔

عام طور پر دیکھا جاتا ہے کہ بعض لوگ سیر وتفریح اور سفر کے لئے ٹراویلنگ کمپنی قائم کرتے ہیں۔ ان دونوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ۔اوانی نے بتا یا کہ دونوں کو بچپن سے ہی سفر کا بڑا شوق تھا ۔ سفر کرنا اور اس سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے ان کے جوش وجذبہ اور دلچسپی کے باعث ان کے ارکان خاندان اور دوست احباب ہمیشہ اپنے سفر کے منصوبوں کی تیاری میں ان سے مدد لیا کرتے تھے ۔ان حالات میں اوانی کو خیال آیا کہ وہ ایک دن اس صنعت میں کچھ کر گذریں گے ۔

image


فوجی پس منظر کے باعث منجری کے بچپن کا بڑا حصہ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ ہندوستان کے مختلف حصوں میں سفر کرتے ہوئے گذرا۔ ممبئی میں مستقل طور پر قیام پذیر ہو نے سے قبل منجری نے آٹھ مختلف اسکولوں میں تعلیم حاصل کی تھی ۔ممبئی میں وہ ایڈورٹائزنگ کی تعلیم حاصل کررہی تھی ۔ٹراویلنگ کمپنی کے قیام سے قبل منجری نے کاپی رائٹر کی حیثیت سے ایڈورٹائزنگ انڈسٹری میں پانچ برسوں تک کام کیا جس کے بعد اس نے کچھ وقت سفر کرنے میں لگادیا ۔بچپن ہی سے سفر کے مواقع ملنا اور سفرسے اس کی دلچسپی اور محبت کے باعث اس کی یہ خواہش پھر جاگ اٹھی اور نے اس صنعت میں دل سے کچھ کرگذرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

ایک طرف منجری کے ایڈورٹائزنگ کیرئیر کا ابتدائی دور تھاتو دوسری طرف اوانی لکشا دیپ میں سمندری بیالوجی میں ریسرچ کررہی تھیں اور اس کو سمندر سے کافی دلچسپی اور محبت ہوگئی تھی ۔تاہم اوانی نے دوسال بعد یہ کام چھوڑدیا اور ایک ایڈوینچر ٹراویل کمپنی میں ٹراویل پلانر کی حیثیت سے ملازمت شروع کی تاکہ اس صنعت سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں ۔ٹراویلنگ صنعت میں کمپنی قائم کرنے کی خواہش میں دن بہ دن اضافہ ہورہا تھا ۔دیڑھ سال بعد اوانی نے نوکری چھوڑنے کا اعلان کردیا اور اپنی کمپنی ’’بروکن کمپاس‘‘شروع کرنے کے لئے منجری سے ہاتھ ملالیا ۔

بروکن کمپاس ایک ٹراویلنگ کمپنی ہے جس کوانفرادی طور پر یا گروپس کے لئے روایتی سفر کے منصوبوں کی تیاری اور ان پر عمل آوری کے لئے خصوصیت حاصل ہے ۔کمپنی مختلف موقعوں کیلئے نظریاتی سفر کے منصوبوں کی تیاری کرتی ہے اور نئے سفری مقام کی تلاش پر ایک سیاح کی طرح نہیں بلکہ سفری ایجنٹ کی حیثیت سے فخرکرتی ہے ۔اپنے نشانوں کی تکمیل کیلئے کمپنی کا ایک مکمل سیکشن ہے جو اسی کام کے لئے وقف ہے ۔کسٹمرس کے سفری مسائل کی بہتر انداز میں یکسوئی کی صلاحیت نے کمپنی کو صنعت میں خصوصی موقف عطا کیا ہے ۔بروکن کمپاس کے ذریعہ سفر کرنے والوں کو ایک فارم کی خانہ پری کرنی ہوتی ہے جس میں ان سے سفر کے منصوبوں اور ان کے خیالات اور نظریات سے متعلق کئی سوالات کئے جاتے ہیں ۔فارم کی تکمیل کے بعد انٹرویو کیا جاتا ہے جس میں کسٹمرس کی ضرورتوں اور ان کے بجٹ سے متعلق تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں ۔ بعد ازاں کسٹمرس کی منزل مقصود ‘ ان کاقیام ‘ ہوٹل کا انتخاب‘ سپلائرس اور سفری پارٹنرس سے رابطہ کیا جاتاہے جس کے بعد سفر کے حتمی منصوبہ کو کسٹمرس کے پاس بھیجا جاتا ہے ۔ منصوبہ سے متعلق کسٹمر کی رائے جاننے کے بعد کسٹمر کی مرضی اور منشا کے مطابق منصوبہ میں تبدیلی کی جاتی ہے اور پھران کے لئے بکنگ کی جاتی ہے ۔بروکن کمپاس کی سب سے متاثر کن بات یہ ہے کہ وہ اپنے کسٹمرس کے لئے 24/7یعنی ہفتہ کے سات دن چوبیس گھنٹے دستیاب رہتی ہے یہاں تک کہ ان کا سفر تکمیل نہیں ہوجاتا۔اس کا یہ مطلب ہے کہ کسٹمرس کو چھٹیوں اور سفر کے دوران کہیں بھی پھنسنے یا پریشان ہونے کی نوبت ہی نہیں آتی ۔

کمپنی کی آمدنی کا اصل ذریعہ چھٹیاں ہیں۔اس دوران کاروبار عروج پر ہوتا ہے کیونکہ سفر کا کوئی ایک منصوبہ یا ماڈل سب کیلئے فٹ نہیں ہوتا بلکہ مختلف ماڈلس پر کام کرنا پڑتا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں ہر چھٹیوں کے موقع پرنئے ایجنٹس ‘ ہوٹلس اور ٹراویل پارٹنرس کے ساتھ معاملت ہوتی ہے ۔آمدنی کا کچھ حصہ صرف سفری مشاورت سے حاصل ہوتا ہے جس میں سفر کی مکمل بکنگ نہیں کی جاتی۔

کمپنی کے آغاز کے بعد پانچ برسوں کے تجربات اور مشاہدات کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے اوانی نے بتا یا کہ اگرچہ روایتی چھٹیاں گذارنے اور ٹراویل مارکٹ کی وسعت سے متعلق آزادانہ طور پر کوئی اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں تاہم اس صنعت کے کاروبارمیں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔گذشتہ چار ‘ پانچ برسوں میں دیکھا گیا کہ ایسے خاندان جو پہلے گروپس میں یا پیاکیج ٹور کیا کرتے تھے اب وہ روایتی چھٹیاں منانے کے لئے کمپنی سے رجوع ہوتے ہیں ۔مارکٹ کی ترقی کے ساتھ ٹراویلرس بھی کھلے ذہن سے کام کررہے ہیں اور ایسی چیزوں کی تلاش میں رہتے ہیں جو ان کی شخصیت سے میل کھاتی ہیں۔کمپنی کے فروغ اور سنگ میل کی تکیمل سے متعلق اوانی نے بتا یا کہ معمولی تجربہ کے ساتھ کمپنی کا آغاز کیا گیا اور ایک کامیاب اور طویل سفرکی تکمیل کی گئی جو کچھ اور نہیں بلکہ سخت محنت ‘ استقلال اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہے ۔اوانی نے مزید بتایا کہ’’بروکن کمپاس‘‘کا اگست2010میں باقاعدہ طور پر آغاز کیا گیا ۔ کمپنی کی شروعات کیلئے معمولی 10ہزار روپئے کی سرمایہ کاری کی گئی جس کے بعد کمپنی مسلسل ترقی کے منازل طے کرتی گئی ۔نہ صرف مالی اعتبار سے بلکہ تمام محاذوں جیسے کاروبار میں اضافہ‘انتظامیہ میں بہتری اور مارکٹنگ وغیرہ میں کمپنی کو ترقی حاصل ہوئی۔ چار برسوں میں زبردست ترقی کے ساتھ کمپنی کا کاروبار مالی سال 2013-14میں 1.5کروڑروپئے رہا ۔ نئے گروپ ٹرپس کے آغاز اور کمپنی کے توسیعی منصوبوں کے ساتھ اس سال بزنس میں 10فیصد اضافہ کی توقع ہے ۔اوانی نے کہا کہ دوسروں کیلئے سفری منصوبہ کی تیاری اور انتظامات ہمیشہ بورنگ یعنی بیزار گی کا باعث نہیں ہوتے۔ اوانی نے اس دوران پیش آئے دلچسپ واقعات بھی سنائے جہاں انہیں ایک جوڑے کے لئے ایک ایسے سفری منصوبہ کی تیاری کرنا تھا جو اپنی شادی کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر بیاٹمین سے آشیر واد لینا چاہتا تھا ۔اوانی نے بتا یا کہ امریکی سفر کے لئے ان کے ایک کسٹمر کی جانب سے ایک درخواست وصول ہوئی جس میں ایک خاتون نے اپنی شادی کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر شادی کے عہد وپیماں کی تجدید کسی پادری سے نہیں بلکہ بیاٹمین سے کروانا چاہتی تھی اور اس کام کو کمپنی نے پورا بھی کیا ۔ایسا کرتے ہوئے انہیں محسوس ہوا کہ اور بھی کئی فلمی کردار ہیں جو دستیاب ہوسکتے ہیں ۔اوانی نے بتا یا کہ یہ ایک دلچسپ اورمنفرد سفری منصوبہ تھا ۔ اوانی نے ان لوگوں کو جو اسٹارٹپ شروع کرنا چاہتے ہیں یہ مشورہ دیاکہ اس کے لئے مستقل مزاجی اور ثابت قدمی کا ہونا ضروری ہے ۔ سخت محنت اور اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہئے ۔ ناکامی سے خوفزدہ نہیں ہونا۔ مارکٹ کی اچھی تحقیق کرنا اور جو کچھ آپ کرنا چاہتے ہیں اس کے لئے منصوبہ تیار کرنا ضروری ہے ۔

قلمکار: ادتیہ بھوشن دیویدی

مترجم :اکبر خاں