صرف ایک فون پر ڈرائیور، بیوٹیشن اور پادری ہوں گے دستیاب

وائی ایس اردو ٹیم

صرف ایک فون پر ڈرائیور، بیوٹیشن اور پادری ہوں گے دستیاب

Monday November 23, 2015,

6 min Read

کانپور میں خدمات دے رہا ہے سروس والا ۔۔۔

24 گھنٹے 7 دن کام کرتا ہے سروس والا ۔۔۔

نومبر 2014 میں شروع ہوا سروس والا ۔۔۔

مسلسل دوڑ دھوپ سے بھری اس زندگی میں ہر کسی کے پاس اگر سب سے زیادہ کسی چیز کی کمی ہے تو وہ ہے وقت ۔ اکثرہمیں چھوٹی چھوٹی ضروریات کی تکمیل کے لئے پریشان ہوناپڑتا ہے اوروقت بھی ضائع ہو جاتا ہے ۔ آئے دن ہمیں کبھی پلمبر کی ضرورت ہوتی ہے تو کبھی کارپینٹر کی ۔ ضرورت کے وقت کاریگروں کو ڈھونڈنے میں کئی بار ہمارے پسینے نکل جاتے ہیں ۔ روزمرہ کی ضروریات کی تکمیل کے لئے اس طرح کی کئی خدمات فراہم کرتا ہے 'سروس والا '۔ یہ ادارہ آپ کو پلمبر' کارپینٹر' الیکٹری شین سے لے کار ڈرائیور اور پادری تک گھر بیٹھے دستیاب کروا رہا ہے ۔

image


' سروس والا ' کی خدمات فی الحال کانپور تک محدود ہیں - اس کے بانی آشش مشرا کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کی روز مرہ کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے اس میں توسیع کر رہے ہیں ۔ اپنی اس سروس پروائڈر کمپنی کو شروع کرنے سے پہلے آشش مشرا نے کانپور کے بھابھا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے بی ٹیک کی تعلیم مکمل کی ۔ اس کے بعد انہوں نے پہلے پونے میں ٹیک مہندرا میں ملازمت حاصل کی اور اس کے بعد آئی سی آئی سی آئی بینک میں اہم مقام پر فائز ہوئے ۔ آشش چاہتے تھے کہ وہ خود کوئی کاروبار شروع کریں ۔ وہ ایم بی اے بھی کرنا چاہتے تھے ۔ اسی دوران ان کے والد کا انتقال ہو گیا ۔ اس وجہ سے ان کو واپس کانپور لوٹنا پڑا- پونے میں تقریبا دو سال تک قیام کے دوران انہوں نے وہاں کے کلچر اور زندگی کو کافی قریب سے دیکھا تھا ۔ آشش بتاتے ہیں کہ "میں نے محسوس کیا کہ پونے ٹیکنالوجی کے معاملے میں کافی اپ گریڈ تھا' لیکن جب میں کانپور واپس آیا تو چھوٹی چھوٹی پریشانیوں میں الجھ کے رہ جاتا تھا ۔ جیسے کبھی پلمبر کے معاملے میں تو کبھی الیکٹری شین کے مسئلہ پر۔

image


آشش کا کہنا ہے کہ کانپور میں انہوں نے دیکھا کہ سروس سیکٹر کافی خستہ حال تھا - ضرورت کے وقت کوئی بھی آسانی سے نہیں ملتا تھا ۔ خاص طور سے دوسرے شہروں سے کانپور آنے والے لوگ یہ نہیں جانتے تھے کہ پلمبر یا کارپینٹر کہاں دستیاب ہوتے ہیں ۔ اتنا ہی نہیں انہوں نے دیکھا کہ سروس سیکٹر سے وابستہ لوگ غلط طریقہ سے کام کرتے ہیں ۔ یہ لوگ کسی بھی کام کا زیادہ سے زیادہ معاوضہ طلب کرتے ہیں ' ساتھ ہی کبھی بھی ان لوگوں کی یہ کوشش نہیں ہوتی کہ گاہک مطمئن ہوں ۔ اس طرح آشیش نے محسوس کیاکہ سروس انڈسٹری سے وابستہ لوگ کام نہیں کر رہے ہیں ۔ اس وقت انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ اس شعبہ میں کام کیا جائے۔ لہٰذہ انہوں نے اس کام کا آغاز سب سے پہلے اپنے شہر کانپور سے کیا ۔ اب دوسرے ٹیئر2 شہروں میں پاؤں جمانا ان کا منصوبہ ہے ۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس سال دسمبر میں یہ لکھنؤ میں اپنی خدمات شروع کرنے جا رہے ہیں ۔ اس کے بعد الہ آباد، آگرہ، متھرا جیسے شہروں میں اس طرح کی خدمات فراہم کرنا ان کا پروگرام ہے ۔

image


'سرو س والا' کا آغاز گزشتہ سال نومبر میں ہوئی ۔ آشش بتاتے ہیں کہ انہوں نے ایک ساتھ دو سطح پر اپنے اس کام کا آغاز کیا ۔ ایک طرف روزمرہ کی سروسس سے وابستہ لوگوں کو اپنے ساتھ شامل کرنے کا کام کیا تو دوسری طرف انہوں نے عام لوگوں کو یہ بتایا کہ وہ ان کی سہولت کے لئے اس طرح کی سروس شروع کرنے جا رہے ہیں ۔ آشش بتاتے ہیں کہ مختلف سروسس سے وابستہ لوگوں کو اپنے ساتھ شامل کرنے سے پہلے ان کو نہ صرف گاہکوں سے بات کرنے کا طریقہ بلکہ کس طرح سے کام کرنا ہے اس کی تربیت فراہم کی' تاکہ گاہکوں کو کوئی دقت نہ ہو۔ آشش کا کہنا ہے : "ہم نے ایسے لوگوں کو شامل کر لیا ہے جنہیں نہ صرف کام آتا ہو' بلکہ وہ ہمارے کاروبار کو بھی سمجھتے ہوں اور بات چیت میں بھی ماہر ہوں ۔" مختلف سروسس سے وابستہ لوگ کمیشن کی بنیادوں پر ان کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ فی الحال ان لوگوں کے ساتھ تقریباً 130 لوگ وابستہ ہوئے ہیں'جو مختلف طرح کے کام میں مہارت رکھتے ہیں ۔ آج 'سروس والا' گھر کی دیکھ بھال' آٹوموبائل' الیکٹرک اور الیکٹرانکس کے شعبہ جات سے متعلق دوسری خدمات عام لوگوں تک پہنچا رہا ہے ۔ گھر کی کسی بھی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے گاہک کو ایک خاص نمبر پر فون کرنا ہوتا ہے جس کے بعد اس سروس سے منسلک شخص کلائنٹ کے گھر جاکران کا مسئلہ حل کرتا ہے۔

image


آج 'سروس والا' کے بہترین کام کی بدولت کانپور میں لوگ ان کو کافی پسند کر رہے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ہر ماہ سو سے زیادہ گاہکوں کو اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں ۔ خاص بات یہ ہے کہ کام ختم ہونے کے بعد یہ لوگ گاہکوں سے رائے بھی لیتے ہیں' تاکہ اپنی خدمات کے معیار کو برقرار رکھ سکیں ۔ آشش کا کہنا ہے : "مجھے کئی ایسے لوگ ملے جو مشورہ دیتے ہیں کہ آپ اسکول' آفس یا انڈسٹری کے لئے کام کریں' لیکن میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں چھوٹی چھوٹی خدمات کے میدان میں ہی کام کروں گا ۔ آشش کا یہ بھی خیال ہے کہ ویب سائٹ اور اپلی کیشن کا استعمال اب بھی عام لوگوں کے لئے تھوڑا مشکل ہے لیکن فون پر ایک نمبر ڈائل کرتے ہی لوگوں کو ان کی حسب ضرورت خدمات مل جاتی ہیں ۔ اسی لئے وہ فون کے ذریعہ لوگوں کے مسائل حل کرنے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ آشش کو اب اس شعبہ میں ایسے سرمایہ کاروں کی تلاش ہے جو سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہوں' تاکہ وہ اپنے اس پراجکٹ کو توسیع دے سکیں ۔ آشش بتاتے ہیں کہ ان کے پاس آٹھ افراد کی مضبوط ٹیم ہے جو 24 گھنٹے اور ساتوں دن کام کرتی ہے ۔ اگلے ماہ لکھنؤ سے اپنی خدمات شروع کرنے والے آشش کہتے ہیں: "کبھی یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ کسی کام کو ہم نہیں کر سکتے' کیونکہ اگر ہم کسی کام کو چھوڑ دیتے ہیں تو اسے کوئی دوسرا کر سکتا ہے''۔

ویب سائٹ: www.servicewalaa.com

قلم کار:ہریش بشت

مترجم: شفیع قادری