ایمس سے ڈاکٹری کرنے اور آئی اے ایس کرنے والے 24 سالہ رومن سینی نے شعبہ تعلیم میں اسٹارٹپ کے لئے ملازمت ترک کردی

ایمس سے ڈاکٹری کرنے اور آئی اے ایس کرنے والے 24 سالہ رومن سینی نے شعبہ تعلیم میں اسٹارٹپ کے لئے  ملازمت ترک کردی

Monday January 11, 2016,

7 min Read

24 سالہ رومن سینی نے آئی ۔ اے۔ ایس کی ملازمت چھوڑدی

اگست 2015 میں اسسٹنٹ کلکٹر کے عہدے پر تقرر ہوا تھا

2013 میں ایمس سے ڈاکٹری پاس کی

یو۔این۔اکیڈمی میں کام شروع کی

ای۔لرننگ میں کام شروع کیا

اپنے بچپن کے دوست کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا

دنیا بھر میں ایک بحث طویل عرصے سے چلی آرہی ہے کہ بڑا کون ہے؟ وہ جو اپنی زندگی کے لئے ایک مقصد کا تعین کرتا ہے اور ہر حال میں اپنے مقصد کو حاصل کرکے ہی دم لیتا ہے ۔۔ یا پھر بڑا وہ ہے۔۔۔ جو منزل پاکر بھی اسے ٹھکرا دیتا ہے اور کچھ نیا کر دکھانا چاہتا ہے؟ نیا کام بھی ایسے جس میں فی الحال اسے ایک ٹوٹی پھوٹی سڑک دکھائی دیتی ہے، دور دور تک منزل کا کوئی اتا پتانہیں ہوتا۔ لیکن اس میں بڑی بات یہ ہے کہ نیا کام اپنے لئے نہیں بلکہ سماج اور ملک کے لئے ! بڑے دونوں ہیں لیکن آپ کسے بڑا کہیں گے؟ ظاہر سی بات ہے اس سلسلے میں مختلف لوگوں کی مختلف رائے ہوگی۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ زیادہ تر لوگ دوسرے شخص کو بڑا کہیں گے جو دوسروں کے لئے کچھ نیا کردکھانے کے جذبے سے مالامال ہے۔

آئیے، اب آپ کو ایک حقیقت سے روشناس کرواتے ہیں۔ ایک شخص ایسا ہے جس نے پہلے ملک سے سبے سے موقر ادارے ایمس سے 2013 میں ڈاکٹرکی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد اس نے ملک کی سب سے بڑی اور موقر انتظامی خدمات یعنی یو۔پی۔ایس۔سی کے امتحانات میں 18 واں رینک حاصل کیا۔ آئی۔اے۔ایس بننے کے دو سال تک اس شخص نے جبلپور میں بطور معاون کلکٹر کام کیا۔ لیکن کیا آپ یقین کریں گے کہ اس شخص نے اپنے اس قدر اونچے عہدے کی ملازمت ترک کردی؟ آپ کے ذہن میں سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ اب کیا کرے گا وہ شخص ؟ اب وہ شخص طلباء کو پڑھائی کے دوران پیش آنے والی تمام دشواریوں میں ان کی مدد کرکے ان کے خوابوں کی تکمیل کرنے میں ان کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ حیران ہوگئے نا آپ ؟ آئیے، آپ کو ہم ملواتے ہیں اس شخص سے۔ اس شخص کا نام ہے 'رومن سینی'۔

image


آئی۔ اے۔ ایس بننے کے بعد کیوں چھوڑدی ملازمت :

عمر صرف 24 سال ! جے پور میں پیدا ہوئے رومن سینی نے اتنی کم عمر میں وہ سب کچھ حاصل کرلیا جس کے لئے ہر شخص خواب دیکھتا ہے۔ ایمس کا ڈاکٹر بننا اور پھر آئی ۔ اے۔ ایس بننا۔ لیکن رومن نے اپنے لئے کچھ اور ہی سوچ رکھا ہے۔ رومن اپنے دوست گورو مُنجال کے ساتھ مل کر یو ٹیوب پر بچوں کو پڑھاتے ہیں۔ ان کے لئے لازمی لکچر دیتےہیں۔ خصوصی طور پر ان بچوں کے لئے جو ڈاکٹر بننا چاہتےہیں یا سول سروسیس کی تیاری کر رہے ہیں یا پھر کمپیوٹر پروگرامر بننا چاہتے ہیں۔ رومن اور ان کے دوست گورو مُنجال نے مل کر ایک ای۔ ٹیوٹر پلیٹ فارم تیار کیا جس کا نام ہے 'یو ۔ این۔ اکیڈمی'۔ اس پلیٹ فارم پر ساری پڑھائی مفت ہوتی ہے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ رومن کی یہ مہم رنگ لارہی ہے۔ نتیجتاً انہیں فالو کرنے والے 10 طلباء سول سروسیز امتحانات پاس کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ یو ٹیوب پر رومن کے ان ویڈیو لکچرس کو ایک کروڑ دس لاکھ سے بھی زیادہ لوگوں نے دیکھا ہے۔ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک پیج پر رومن کے 64000 فالورز ہیں ، وہیں ٹوئٹر پر 20000 لوگ رومن کی اس نئی مہم سے جڑے ہوئے ہیں۔

یہ آئیڈیا کیسےآیا ؟:

image


رومن سینی نے 'یوراسٹوری' کو بتایا۔

"جب میں ایمس میں پڑھائی کر رہا تھا اس دوران میرے بچپن کے اور سب سے اچھے دوست گورو منجال نے 2011 میں کچھ نیا کرنے کی سوچی۔ انہوں نے یو ٹیوب پر یو این اکیڈمی ڈاٹ اِن کی شروعات کی جس پر وہ پڑھائی سے متعلق ویڈیو اپ لوڈ کیا کرتے تھے۔ چونکہ یہ مکمل طور پر مفت خدمات تھیں لہٰذا انہوں نے مجھ سے بھی اس کام سے وابستہ ہوجانے کی خواہش کی۔ مجھے گورو کا آئیڈیا پسند آیا اس لئے میں اس سے وابستہ ہوگیا۔ ہم مفت میں دوسروں کو صحیح معلومات دے سکتےہیں۔ اس سے بڑی بات اور کیا ہوسکتی ہے؟ "

رومن نے بتایا کہ گورو بھی بنگلور میں بطور سی ۔ ای۔ اور کام کر رہے تھے لیکن یو این اکیڈمی ڈاٹ اِن کے لئے انہوں نے اپنی ملازمت ترک کردی۔ رومن سینی کا یہ بھی کہنان ہے کہ ان کے دل میں سول سروسیز کے لئے بہت عزت ہے اس لئے آئی۔ اے۔ ایس جیسے عہدے کو چھوڑنا ان کے لئے اتنا آسان نہیں تھا۔ ان کے خاندان والے بھی ان کے اس فیصلے سے خوش نہیں تھے۔ لیکن بعد میں انہوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا اور رومن کے فیصلے کی بھر پور حمایت کی۔

image


رومن کے والد نے 'یور اسٹوری' کو بتایا

رومن ہندوستانی شعبہ تعلیم میں انقلابی تبدیلی لانا چاہتے ہیں اور اسی کام کو انجام تک پہنچانے کےلئے انہوں نے یہ قدم اُٹھایا ہے۔ خاندان والوں کو امید ہے کہ رومن اپنے اس کام میں بھی عمدہ کامیابی حاصل کریں گے۔

رومن کے والد نے ایک اور واقعہ 'یوراسٹوری' کو بتاتے ہوئے کہا

رومن کے دل میں ایک حادثے نے گھر کر لیا تھا۔ ہوا یوں تھا کہ ریاستِ بہار کا ایک لڑکا آئی۔اے۔ایس بننا چاہتا تھا۔ آئی ۔ اے۔ ایس کی کوچنگ کے لئے اس کے والد نے اپنی زمین گروی رکھ دی تھی۔ لیکن افسوس کہ وہ لڑکا آئی۔ اے۔ ایس نہیں بن پایا۔ جب رومن کو اس بات کا علم ہوا تو انہیں بہت دکھ ہوا۔ انہیں لگا کہ ایسا کچھ ہونا چاہیے کہ بچے مفت میں ایسے امتحانات کی تیاری کر سکیں۔ بس ، یہی واقعہ ان کے ذہن میں گردش کرتا رہا۔ اور آج نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔

image


اس واقعے نے رومن کے دماغ پر گہرا اثر ڈالا۔ اور پھر ایک دن رومن نے طے کیا کہ وہ شعبہ تعلیم میں کچھ بڑا کام کریں گے۔ حالانکہ رومن کے لئے ذاتی طور پر یہ ایک آسان فیصلہ نہیں تھا اور ا س میں کئی پہلو شامل تھے ۔ اس لئے انہوں نے زیادہ تر لوگوں سے اس معاملے سے متعلق گفت و شنید کی اور آخر کار ان کا جنون ہی فتحیاب ہوا۔

رومن سینی نے بتایا

"میرا مقصد اعلیٰ تعلیم کو عام لوگوں کی دسترس میں لانا ہے اور اسے آف لائن طریقے سے یعنی بغیر کمپیوٹر کے حاصل کرنا درست نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ کروڑوں لوگوں کی مانگ پوری کرنے کے لئے بہت بڑے پیمانے پر تکنیکی ارتقاء اور قابل لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے میں نے اس یو این اکیڈمی ڈاٹ اِن کے طریقے کو پوی طرح سے اپنالیا۔"

گورومُنجال اپنے جگری دوست رومن سینی کے بارے میں کہتے ہیں،

"میں نے ایک آئی۔ اے۔ ایس افسر کو اپنے آئیڈیا کے بارے میں بتایا، اسے اچھا لگا اور اس نے طے کیا کہ وہ کُل وقتی طور پر ہمارے ساتھ کام کرے گا۔ واقعی رومن بہادر ہے۔ تمام لوگ ایسی ہمت نہیں کر سکتے۔"

گورواپنے اس پلیٹ فارم کے بارے میں بتاتے ہیں کہ یو این اکیڈمی ڈاٹ اِن ، ملک کا سب سے بڑا ای۔ لرننگ پلیٹ فارم ہے جس پر 500 سے زیادہ مفت لیشن ہیں اور جس سے ملک کے نامور ماہرینِ تعلیم جُڑے ہوئے ہیں۔

واقعی ایسے لوگ کم یاب ہوتے ہیں جنہیں اپنی ذات سے زیادہ اپنے ملک کی فکر ہوتی ہے۔ 'یوراسٹوری' رومن سینی کے لئے کامیابی کی تمام تر بلندیوں کے حصول کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔

تحریر :نیرج سنگھ

مترجم: خان حسنین عاقبؔ

    Share on
    close