یادوں کو محفوظ رکھنے کا شاندارطریقہ ... ہندوستانی طلباءکی ایجاد

یادوں کو محفوظ رکھنے کا شاندارطریقہ ... ہندوستانی طلباءکی ایجاد

Thursday December 17, 2015,

4 min Read

اسکول سے کالج جانے کا شوق اور کالج پاس آؤٹ کرتے وقت وہاں گذارے یادگارلمحات کسی کے لئے بھی اس کی زندگی کے سب سے خوبصورت پل ہوتے ہیں۔ ہم میں سے ہر شخص کالج کی زندگی کے دوران گذارے گئے خوبصورت اوقات کی یادیں سمیٹنے کے لئے بے قراررہتاہے اور تعلیم کے آخری ایام میں اس بات کے لئے کافی فکرمند رہتاہے کہ کیسے اس دورانیے کو ہمیشہ کے لئے قید کرلیاجائے۔

image


آج کا نوجوان سوشل میڈیااور جدید ترین گیجٹس سے لیس ہے اور ان خوشگواریادوں کو محفوظ کرنے کے لئے اسے ایک اسٹیج کی ضرورت ہے ، جو آئی آئی ٹی گوہاٹی کے کچھ ذہین طلباء نے فراہم کیاہے۔اسی سال ویلینٹائن ڈے کے موقع پر پر ان یادوں کو محفوظ کرکے ایک آن لائن ’ایئر بک‘ تیارکرنے اور اسے چھپواکر ہمیشہ کے لئے محفوظ کرنے کی خاطر آئی آئی ٹی گوہاٹی کے ان ذہین طلباء نے zaffingo.comکے نام سے ایک ویب سائٹ کی شروعات کی ہے، جس پر جاکر کوئی بھی طالب علم کالج کے اپنے دنوں کی یادوں کو ایک کتابی شکل دیسکتاہے۔

اس ویب سائٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے اس کے معاون بانی اور سی ای او شکھرسکسینہ کہتے ہیں کہ یہ ایئر بک صرف چند صفحات کی ایک کتاب نہیں ہے ، بلکہ یہ خوبصورت یادوں کا ایک ایساگلدستہ ہے جو تاعمر آپ کی زندگی میں خوشبو بکھیرتارہے گا۔

انٹر نیٹ پر آنے کے بہت ہی کم وقت میں یہ ویب سائٹ پورے ملک کے نوجوانوں میں کافی مقبولیت حاصل کرتی جارہی ہے۔اس ویب سائٹ پر آ پ اپنے دوستوں کو مدعوکرکے انھیں اپنی یادوں کو الفاظ میں پرونے یعنی ان خوبصورت لمحوں کے بارے میں لکھنے کی آزادی دیتے ہیں جو آپ لوگوں نے کالج میں ساتھ گذارے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ اور آپ کے احباب اس ویب سائٹ پر فوٹو اپلوڈ کرکے ان کی ایڈیٹنگ بھی بہت آسانی سے آن لائن ہی کرسکتے ہیں ۔اس طریقے سے ایئر بک تیارکرکے یادوں کو محفوظ کرنے کاکام نہ صرف آسان ہے بلکہ تفریحی مشغلہ بھی ہوجاتاہے۔

image


zaffingo.comکے تصور کو عملی جامہ پہنانے میں آئی آئی ٹی گوہاٹی سے گریجویشن کررہے دوطلباء تتھاگت لوکھنڈے اور شکھر سکسینہ کا بڑارول رہاہے۔ اس ویب سائٹ کے معاون بانی اور سی ای او شکھر سکسینہ کا کہناہے کہ یہ ایئر بک صرف ایک کتاب نہیں ہے بلکہ خوبصورت یادوں کی ایک مالاہے۔کالج یاتعلیم کے دوران گذاراگیاوقت کسی کی بھی زندگی میں لوٹ کر نہیں آتااور ان یادوں کو محفوظ کرنے کے لئے zaffingo.comسب سے طاقتور ذریعہ ہے۔

اس کے علاوہ شکھر کا خیال ہے کہ ہمارے ملک میں ابھی بھی اس طرح ایئر بک تیارکرنے کی روایت نہیں ہے لیکن جیسے جیسے نوجوانوں کو ان کی اس ویب سائٹ کے بارے میں پتہ چل رہاہے ان لوگوں کی دلچسپی اس جانب بڑھتی جارہی ہے۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہناہے کہ اب تک ایئر بک بنانے کے معاملے میں ہم لوگ باقی دنیاسے بہت پیچھے تھے اور کتابوں میں قلم سے بھرکر اور فوٹو چسپاں کرکے اپنی یادوں کو محفوظ کرتے رہے ہیں۔ شکھر بتاتے ہیں کہ شروع میں ان کی ٹیم کو اس خواب کو شرمندہ ٔ تعبیر کرنے میں کافی دشواریوں کا سامناکرناپڑاکیوں کہ ان کے سامنے سب سے بڑاچیلنج تھاڈاٹاجمع کرنااور اس کے بعد اس ڈاٹاکو ایئر بک کی عملی شکل دینا۔ لیکن ان لوگوں نے اس کام کو ایک چیلنج کی طرح لیااور ایئر بک تیارکرنے کے کام کو دلچسپ اور تفریحی بنادیا۔

اس ویب سائٹ کو تیارکرنے میں سارے اخراجات اس ٹیم نے خود برداشت کئے اور کالج یا کسی اور سے کسی بھی قسم کامالی تعاون نہیں لیا۔ مستقبل کے منصوبے کے تحت یہ لوگ صرف طلباء کے دائرے سے خود کو باہر نکال کر بڑی سطح تک لے جانے کی تیاری میں ہیں۔ ایئر بک کے بعد ان کی اگلی منزل ہے ’ٹیم بک‘ کے خواب کو شرمندہ ٔ تعبیر کرنا، جس میں کلبوں میں ہونے والے پروگراموں اور بڑی کمپنیوں وغیرہ کے یادگارلمحوں کو ایک ڈیجیٹل البم کی شکل دی جاسکے اور وہ بھی گھر بیٹھے آن لائن۔

اس پورے عمل میں سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ ایئر بک تیارکرنے کاساراکام آپ گھر بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے کرسکتے ہیں۔zaffingo.comپر جانے اور ایئر بک تیارکرنے کے بعد آپ کے پاس متبادل ہوتاہے کہ آپ چاہیں تو اس کو پرنٹ کراسکتے ہیں یااس کو کمپیوٹر پر رکھنے کے لئے سافٹ کاپی لے سکتے ہیں۔

قلمکار : نشانت گوئل

مترجم : محمد وصی اللہ حسینی

Writer : Nishant Goel

Translation By : Mohd.Wasiullah Husaini