صفائی مہم میں منفرد کردار ۔اب ردی بیچنے کے لئے ’جنکارٹ‘کو واٹس ایپ کیجئے ،گھر آئیںگے مقامی وینڈرس

صفائی مہم میں منفرد کردار ۔اب ردی بیچنے کے لئے ’جنکارٹ‘کو واٹس ایپ کیجئے ،گھر آئیںگے مقامی وینڈرس

Sunday January 31, 2016,

6 min Read

نیرج گپتا ، شبھم شاہ ، پرشانت کمار اور شیلندر یادو نے رکھی ’ویک اینڈ‘ کی بنیاد...

جون 2015میں رکھی گئی کمپنی کی بنیاد...

لوکل وینڈرس کو جوڑ کر سیدھے لوگوں کے گھروں سے جمع کر رہے ہیں ویسٹ ...

’جنکارٹ‘کے ذریعے زیادہ سےزیادہ ویسٹ کو کیا جاسکے ری سائیکل ، یہی ہے اصل مقصد ...

image


اس وقت ’صاف ہندوستان مہم‘ کا چرچا ہر طرف ہو رہا ہے ۔ یہ مہم فی الواقع اتنی اچھی ہے کہ ہر شخص اپنے آس پاس صفائی و ستھرائی رکھ کر خود کو اس مہم سے وابستہ پاتا ہے ۔ ایسی حالت میں کئی نوجوان صنعت کا رآگے آئے ہیں جو با الواسطہ اور بلا واسطہ اپنے کام کے ذریعے اس مہم میں اپنی حصے داری نبھارہے ہیں ۔ ایسا ہی ایک اسٹارٹ اپ ہے ویک اینڈ ورکس ، جس کی بنیا د جون 2015میں رکھی گئی ۔ اس کمپنی کا مقصد کئی طرح کے کاموں جیسے فلیٹ مینجمنٹ، ویسٹ مینجمنٹ پرکام کر نا ہے ۔ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت ان کا ایک پروجیکٹ ہے ’جنکارٹ‘۔

image


نیرج گپتا ، شبھم شاہ ، پرشانت کمار اور شیلندر یادو نامی ان چار نوجوانوں نے ویک اینڈ ورکس کمپنی کی بنیاد رکھی ۔ نیرج اور شبھم جھارکھنڈ سے ہیں ۔ نیرج ابھی دہلی یونیور سٹی کے ایس آر سی سی کالج سے گریجویشن کے سال آخر کے طالب علم ہیں ۔ نیرج نابینا ہیں لیکن اپنے سماجی فرائض کو پورا کر نے کے لئے ان میں غضب کا جوش ہے ۔ جب کہ شبھم نے کولکاتا یونیورسٹی سے اپنا گریجویشن پورا کیا ہے ۔ پرشانت اور شیلندر اتر پردیش سے ہیں اور سافٹ ویئر کمپنی کے لئے کام کر تے ہیں ۔ یہ سبھی چاہتے تھے کہ وہ سماج کے لئے کچھ الگ اور ایسا کام کریں جو لوگوں سے براہ راست وابستہ ہو اور ان کی کوششیں معاشرے کی بہتری کے لئے ہوں ۔

image


نیرج بتا تے ہیں :

نئی نئی اسٹارٹ اپس کے بارے میں پڑھنا اور ان کی سکسیز اسٹوری کو جاننا انہیں بہت اچھا لگتا تھا ۔ میں اکثر دیکھتا رہتا تھا کہ کون کون سی نئی اسٹارٹ اپس آرہی ہیں اور وہ کس طرح کام کر رہی ہیں تبھی ایک دن میرے دل میں خیال آیا کہ گلی محلوں میں روز ہی ردی والے چکر لگاتے رہتے ہیں ۔ کیوں نہ انہیں کے کام کو ایک صحیح اور منظم طریقے سے سیٹ کیا جائے ۔ جس سےعوام کو کو بھی فائدہ ملے اور ان ردی والوں کا بھی فائدہ ہو۔

جب نیرج نے اس آئیڈیا کو اپنےساتھیوں کے ساتھ شیئر کیا تو انہیں بھی یہ آئیڈیا کافی پسند آیا اور چاروں اس کام کا خاکہ تیار کر نے میں مصروف ہوگئے ۔ نیرج بتاتے ہیں کہ ’جنکارٹ‘‘ میں ہم لوگ لوکل وینڈرس کو اپنے ساتھ جوڑتے ہیں اور انہیں ردی و گھر کے پرانے بے کار سامان کی فروخت کے آرڈر دلاتے ہیں ۔ ہم لوگ بہت ہی منظم طریقے سے اس کام کو کر تے ہیں۔ کوئی بھی شخص ہماری ویب سائٹ پر آکر ہمیں میسیج کر سکتا ہے ۔ واٹس ایپ کر سکتا ہے یا ہمیں براہ راست فون کر کے بھی اپنی ردی بیچنے کے لئے آرڈر کر سکتا ہے ۔ ہم سیدھے اس آرڈر کو ان وینڈر س تک پہنچا دیتے ہیں جو ہم سے جڑے ہوتے ہیں اور جلد ہی وہ وینڈر اس پتہ پر جاکر آرڈر لے لیتے ہیں ۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ سبھی ردی والوں پر یقین نہیں کر تے اور اکثر ترازو صحیح نہ ہونے کی شکایت بھی کر تے ہیں ۔ایسے میں ہم لوگوں نے اپنے سبھی وینڈر س کو الیکٹرانک ترازو دی ہے تاکہ گاہک کے من میں تول کے سلسلہ میں خدشہ نہ ہو۔ اس کے علاوہ ہمارا ہر وینڈر ہماری کمپنی کی ٹوپی او ر بیچ لگاکر گاہک کے پاس جاتا ہے ۔

image


نیرج بتاتے ہیں کہ اکثر یہ بھی دیکھا گیا کہ کئی برسوں سے اس شعبے میں کام کر رہے وینڈر کو بھی کئی اہم معلومات نہیں ہوتیں ۔ جیسے یہ لوگ گاہکوں سے ان کا کچھ سامان جوکہ وینڈر س کو لگتا ہے کہ آگے نہیں فروخت ہوگا لینے سے انکار کر دیتے ہیں ۔ ایسی حالت میں ہم ان وینڈرس کو بتاتے ہیں کہ کیا کیا سامان بازار میں فروخت ہوگا اور ری سائیکل ہو سکتا ہے ۔ لہٰذا وہ اشیاء جو ری سائیکل ہو سکتی ہیں انہیں لینے سے انکا ر نہ کریں ۔

’جنکارٹ‘ اس وقت ساؤتھ دہلی میں بخوبی کام کر رہا ہے اور اسی علاقے میں یہ لوگ اپنی مارکیٹنگ پر فی الحال فوکس کر رہے ہیں ۔ نیرج بتاتے ہیں کہ ان کے دہلی کے باقی حصوں کے لئے بھی وینڈرس سے معاہدہ ہو چکا ہے او ر وہ دہلی کے باقی حصوں میں بھی اپنی خدمات دینے کے اہل ہیں ۔ نیرج مزید بتاتے ہیں کہ ہمیں آگے بڑھنے اور پیسہ کمانے کی کوئی جلد بازی نہیں ہے ۔ ہم جو بھی کام اپنے ہاتھ میں لے رہے ہیں پہلے اسے اچھی طرح پورا کر نا چاہتے ہیں ۔ ہم ایک ایک قدم آگے بڑھ کر اپنے کام کو وسیع کر نا چاہتے ہیں ۔

image


اس وقت بازار میں جو بھی لوگ ویسٹ مینجمنٹ پر کا م کر رہے ہیں زیادہ تر کے اپنے ویئر ہاؤس ہیں اور اپنا اسٹاف بھی ہے لیکن دائرہ کار بڑا اور اسٹاف ،وسائلمحدود ہونے کے سبب انہیں لوگوں کے گھروں تک پہنچنے اور ویسٹ لینے میں عموماً دو سے تین دن کا وقت لگ جاتا ہے ۔ جب کہ ’جنکارٹ‘ کا اپنا کوئی اسٹا ف نہیں ہے۔ یہ لوگ آرڈرس کو سیدھے لوکل وینڈر س تک فوراً پہنچا دیتے ہیں جس کے سبب کام کافی جلدی اور آسانی سے ہوجا تا ہے ۔ نیرج بتاتے ہیں کہ ہم لوگوں کے آرڈر کو اسی دن پورا کر دیتے ہیں اس لئے اب لوگ ہمارے کام کی کافی ستائش کر رہے ہیں ْ۔ آنے والے وقت میں ہم اس کام کو مزید بہتر کر نا چاہتے ہیں ۔

نیرج بتاتے ہیں کہ ہمارا مقصد ہے کہ ہمارے کام سے سبھی کو فائدہ ہو جو بھی ہم سے وابستہ ہو خواہ وہ گاہک ہو یا پھر وینڈرس سبھی کو فائدہ ملے ۔ ہم گاہکوں کو مختلف طرح کے کوپن بھی دیتے ہیں ۔ نیرج مزید بتاتے ہیں کہ آنے والے وقت میں ہم لوگ سیکنڈہینڈ سامان کو بھی شامل کر نا چاہتے ہیں ۔ ایک ایسا پلیٹ فارم جہاں لوگ اپنا پرانا سامان بیچ سکیں اور اگر کوئی سیکنڈ ہینڈ سامان خریدنا چاہے تو خرید بھی سکے ۔ نیرج بتاتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ ویسٹ ری سائیکل ہو ۔ اس سے ہمار ا یا ہمارے گاہکوں کا ہی فائدہ نہیں ہے بلکہ ملک اور ماحولیات دونوں کا فائدہ ہے ۔

website-junkart.in

قلمکار : آشوتوش کھنتوال

مترجم : محمد وصی اللہ حسینی

Writer : Ashutosh Khantwal

Translation by : Mohd.Wasiullah Husaini