والد کے پیار کو کیک کی شکل میں لوگوں تک پہنچارہی ہیں شوالی پرکاش

والد کے پیار کو کیک کی شکل میں لوگوں تک پہنچارہی ہیں شوالی پرکاش

Sunday November 29, 2015,

6 min Read

چاکولاوا پِزا اصل میں پاپز کچن کی ہی ایک دریافت ہے۔ اس کے علاوہ بینوفی پائی، ریڈ ویلویٹ کیک، ڈیتھ بوائے چاکلیٹ کیک اور بلو بیری چیز کیک اسی کمپنی کے تیار کردہ معروف اور خصوصی پراڈکٹس ہیں۔ اور پاپز کچن کی پتوار ہے شوالی پرکاش کے ہاتھوں میں جن کی کوشش یہی ہے کہ اپنے صارفین کو بہترین غذائی اجناس کے ساتھ ڈھیر سارا پیار ملاکر پیش کریں۔

بنگلور کی رہنے والی اس گھریلو خانساماں نے مئی 2012 میں پاپز کچن کی بنیاد رکھی۔ شوالی کی سب سے بڑٰ ی تحریک ان کے والد رہے جنہوں نے 30 برس قبل بنگلور کی سینٹ مارکس روڈ پر سینیٹری کی ایک ریٹیل دوکان شروع کی تھی۔ 2012 میں اپنے والد کا سایہ سر سے اُٹھ جانے کے بعد انہوں نے کچھ وقت کے لئے اپنی ملازمت سے اپنی ملازمت سے رخصت لی اور خود احتسابی کرنے میں اپنا وقت لگایا۔ وہ کہتی ہیں،" اسی وقت میں نے اپنے جنون کو ایک کاروبار کی شکل دیتے ہوئے اپنے والد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ میرے والد میرے سب سے بڑے مداح اور میرے لئے ایک تحریک تھے۔ اور 'پاپز کچن' کا نام بھی انہی کی یادوں کی دین ہے۔"

image


آغاز:

شوالی نے 2010 میں کرائسٹ کالج سے گریجویشن کیا اور اس کے بعد اکسنچر کمپنی میں مارکٹنگ اور کمیونیکیشن ٹیم کے ساتھ دو برسوں تک کام کیا۔ وہ کہتی ہیں،"میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچاتھا کہ بیکری کے کاروبار کو سنجیدگی سے لوں گی اور پھر اسی شعبے میں اپنے ذاتی کاروبار کی شروعات کرنا تو ایک خواب جیسا ہی ہے۔ مجھے پیشہ ورانہ طور پر بیکنگ کے کاروبار میں تین برس ہوچکے ہیں اور میں ہمیشہ سے ہی کھانوں اور غذا کو لے کر کافی جذباتی رہی ہوں۔"

شِوالی نے اپنے خاندان والوں اور دیگر ملاقاتیوں کے لئے مختلف مواقع پر بیک کرنا شروع کیا ۔ وہ چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ لاتے ہوئے کہتی ہیں،"یہ میرے لئے ایک تعجب کی بات رہی کہ میرے بنائے ہوئے پراڈکٹس ان کے درمیان ہمیشہ کافی مقبول ہوئے۔"

image


مشہور فلم اداکار وویک اوبرائے کی نوزائیدہ بیٹی کی ولادت کے موقع پر ایک کیک تیار کرنا ان کے بیکنگ کریئر میں ایک اہم کامیابی سمجھی جاسکتی ہے۔ وہ مسکراتے ہوئے اس فہرست کو مزید بڑا کرتے ہوئے کہتی ہیں،"اس کے علاوہ میں رتک روشن تک بھی پاپز کچن کے تیار کردہ کپ کیک کا ایک ڈبہ پہنچانے میں کامیاب رہی ہوں۔"

بنگلور کی ایک لڑکی:

بنگلور میں پیدا ہوئی اور پلی بڑھی شوالی گزشتہ 27 برسوں سے اس شہر کے ہر بدلتے ہوئے لمحے کی گواہ رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں،"حالانکہ یہ کہنا زیادتی ہوگا لیکن میرا بچپن سب سے اچھا رہا۔ میں نے اپنی اسکولی تعلیم بشپ کاٹن گرلس ہائی اسکول سے پوری کی۔ پڑھائی کے علاوہ میرے والدین نے مجھے وائس ٹریننگ کلاسس میں داخلہ دلوایا اور ساتھ ہی مجھے پیانو اور گٹار کی کلاسس میں بھی بھیجا۔ میں بچپن ہی سے ایک ایتھلیٹ بھی رہی ہوں۔"

شِوالی کا کہنا ہے کہ کچھ نیا کر دکھانے کے لئے بنگلور سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہے۔ خصوصی طور پر رسوئی کے فن میں اس سے بہتر کوئی مرکز ہے ہی نہیں۔ وہ کہتی ہیں،"ا س کے علاوہ اس شہر میں بہت بڑے پیمانے پر نوجوان رہتے ہیں جن میں کام کرنے کے بے انتہا امکانات ہیں۔ ان کے دماغ میں کاروبار سے متعلق جو نئے خیالات آتے ہیں وہ بہت شاندار اور لاثانی ہوتے ہیں۔ اپنی تخلیقیت کو ایک پلیٹ فارم دینے کے عمل میں زیادہ تر نوجوان ٹکنالوجی کے شعبہ میں نئے تجربات کرنے سے بھی نہیں ہچکچاتے ہیں۔ اعلیٰ صلاحیتوں کا حامل ایک چھوٹا سا کاروبار بھی بہت ہی کم وقت میں اپنی الگ پہچان بنانے کا اہل ہوتا ہے اور اَس دَور میں بہت آسانی کے ساتھ سرمایہ داروں کو اپنی جانب راغب کرنے کامیاب ہورہا ہے۔ میں یہ بات اتنے یقین سے اس لئے کہہ رہی ہوں کہ میں خود اس کی گواہ اور اس کا حصہ ہوں۔ میں نے بازار کو سمجھنے کے ارادے سے پہلے اپنے گھر سے ہی بیک کرنے اور پھر اسے اپنے صارفین اور گاہکوں تک پہنچانے کا آغاز کیا۔ اس وجہ سے مین یہ جاننے میں کامیاب رہی کہ میرے پراڈکٹس کو ممکنہ گاہک پسند اور قبول بھی کرتے ہیں یا نہیں۔" فی الحال شِوالی ایک آؤٹ لیٹ قائم کرنے کی سمت اپنا قدم بڑھارہی ہیں۔

image


پاپز کچن:

مٹھائی یا ڈزرٹ اور سیویئرس پاپز کچن کی خصوصیت ہیں ۔ پاپز کچن جنم دن، سالگرہ، سگائی، شادی وغیرہ کے علاوہ دیگر پروگرامس کے لئے کیک اور کپ کیک تیار کرتا ہے۔ شوالی اپنے فیس بُک پیج کے ذریعے اپنے کام کو مشتہر کرتی ہیں اور اب تو ان کی اپنی ویب سائٹ بھی تیاریوں کے مرحلے میں ہے۔ انہوں نے فیس بُک کا استعمال صرف بنیادی مارکٹنگ کے لئے کیا ہے۔ وہ کہتی ہیں،" زیادہ تر زبانی تعریف اور ستائش پر ہی انحصار کیا جاتا ہے۔ اس سے بھی زیادہ میں اپنی پیکیجنگ کے ذریعے اپنے برانڈ کو لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کرتی ہوں۔"

وہ ہر ہفتے تقریباً 50 کیک بناتی ہیں اور اب یہ تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے۔ وہ پیسوں کی ادائیگی کے لئے 'کیش آن ڈیلیوری' کی سہولت کا تجربہ کرتی ہیں اور اس کے علاوہ انہوں نے اپنے پراڈکٹس کی ڈیلیوری کے لئے بھی ایک ملازم مقرر کر رکھا ہے جو بغیر کسی تاخیر کے کیک کی ڈیلیوری کا کام کرتا ہے۔

وہ کہتی ہیں،"خاص طور پر تیار کئے جانے والے 3 ڈی کیک کے لئے میں نے ایک خصوصی ڈیلیوری بوائے کی خدمات مستعار لے رکھی ہیں جو کار کے ذریعے اسے گاہک تک پہنچا تا ہے اور یہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ کیک اپنی اصل شکل اور حالت میں اپنی تمام تر خصوصیات کے ساتھ گاہک کے دروازے تک صحیح سلامت پہنچے۔"

شِوالی کا ماننا ہے کہ گاہک ان کے معیار اور کوالٹی کی وجہ سے ان کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔ وہ بیکنگ سے متعلق تمام کام خود ہی کرتی ہیں اور صرف برتنوں اور دیگر سرگرمیوں کے لئے ایک معاون کی مدد لیتی ہیں۔

خصوصیات:

وہ ہمیشہ کچھ نیا کر نے اور نئے تصورات کو اپنانے کی کوشش کرتی ہیں تاکہ وہ خود کو دیگر مقابلہ کنندگان سے آگے رکھنے میں کامیاب رہیں۔

آخر میں شِوالی کہتی ہیں،" اس کے علاوہ میں اپنے گاہکوں اور صارفین کو عمدہ ترین خدمات فراہم کرنے میں یقین رکھتی ہوں اور معیار سے کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہ کرنا ہی میری سب سے بڑی خاصیت ہے۔ ہمارے یہاں استعمال ہونے والے کچھ پروڈکٹس سنگاپور سے منگوائے جاتے ہیں اور ہمارا واحد مقصد اپنے صارفین کو ایسے پکوانوں سے روشناس کروانا ہے جسے ایک مرتبہ کھانے کے بعد ان کا دل مزید کھانے کے لئے للچائے۔"

تحریر: تنوی دوبے

ترجمہ: خان حسنین عاقب