معاشرے میں تبدیلی کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو پیش ہے ''ہلاّبول''

معاشرے میں تبدیلی کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو پیش ہے ''ہلاّبول''

Sunday January 24, 2016,

11 min Read

ہمارے زیادہ تر قارئین کئی بار سماجی خدمت کے لئے اپنے قدم بڑھانا چاہتے ہیں اور کچھ نہ کچھ کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ بھی معاشرے کو کچھ واپس دے سکیں ۔ ان میں سے اکثر اس لئے کچھ نہیں کر پاتے کہ انہیں وسائل دستیاب نہیں ہیں' حمایت حاصل نہیں ہوتی اور مدد کے لئے ایک اچھی ٹیم کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ اس وجہ سے وہ اپنے خیالات کو عملی شکل دینے میں ناکام رہتے ہیں ۔ آپ لوگوں میں سے جو بھی اس قسم کا جذبہ رکھتے ہیں ان کے لئے ایک اچھی خبر ہے ۔ اس مضمون کو پڑھنے کے بعد اب آپ اس تبدیلی میں شامل ہونے کا کوئی بہانہ نہیں بنا سکتے ۔ جو بننے کی آپ خواہش رکھتے ہیں' اس کی تکمیل ضرور ہو سکتی ہے ۔ آج ہم آپ کو بتا رہے ہیں Halabol (ہلابول) کے بارے میں' جوخاص طور پرسماجی خدمت کرنا چاہتے ہیں ایسے ہی لوگوں کے لئے تیار کیا گیا ایک پلیٹ فارم ہے ۔ جو اپنے خیالات اور جذبات کے بل بوتے پر دنیا کو تبدیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں لیکن اب تک ایک پلیٹ فارم کی تلاش میں اپنے ارادوں کو آواز دینے میں ناکام رہے ہیں - یہ فورم ایسے ہی لوگوں کے لئے تیار کیا گیا ہے۔

image


ہلابول' فکرو فہم رکھنے والے لوگوں کو آپس میں تبادلہ خیال کرنے ' ایک دوسرے سے جڑنے میں مدد کرنے ' معاشرے پر اثرات چھوڑنے اور اپنے منصوبوں میں ایک دوسرے کی حمایت کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرواتا ہے۔ ہلابول کی ویب سائٹ پر اپنا ایک اکاؤنٹ بنا کر آپ معاشرے کی بہتری کے لئے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ خدمات انجام دینے والے ادارے اور کارکنوں تک آسانی سے آپ رسائی حاصل کر سکتے ہیں ۔ یہ فورم اپنے بلاگ پر خیالات لکھنے' مہمات شروع کرنے' درخواستوں یا پیٹشنس کی مہم چلانے اور ان پر دستخط کرنے' عہد لینے اور کسی پروگرام کو منعقد کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اب تو ایک غیر منافع بخش پروفائل تیار کرنے کی بھی گنجائش فراہم کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعہ آپ کے پروفائل کے مطابق دستیاب ملازمتوں کے بارے میں معلومات کا اشتراک کرنے کے علاوہ رضاکاروں کو اپنے ساتھ شامل کرسکتے ہیں اور اپنے منصوبہ کے لئے عطیہ وغیرہ کے ذریعہ دولت کا انتظام بھی کر سکتے ہیں ۔

حال ہی میں ہمیں ہلابول کے بانی اور سی ای او انکورگپتا سے ملاقات کرنے کا موقع میسر ہوا اور پھر ہم نے ان سے اس پروگرام کے بارے میں تفصیل سے معلومات لینے کے علاوہ مستقبل میں معاشرے میں تبدیلی لانے کے خواہاں افراد کے لئے ان کی کیا تجاویزہیں اس تعلق سے بات چیت کی۔

یوراسٹوری : 'ہلابول' شروع کرنے کا خیال آپ کے ذہن میں کب اور کیسے آیا اور آپ کے ٹیگ لائن '' تبدیلی کا آغاز کریں '' کے پیچھے کی کیا کہانی ہے؟

انکورگپتا : ہر بار جب بھی کوئی مجھے ' ہلابول' کے پس منظر کے بارے میں سوال کرتا تو وہ مجھے اپنے اس سفر کی یاد تازہ اور اس منصوبے میں میرے اعتماد کو اور مضبوط کرنے میں مدد کرتا ہے۔ میں نے سال 2009 میں جو محسوس کیا تھا اس وقت زیادہ تر ہندوستانی شاید اسی موڈ سے گزر رہے تھے۔ پوری دنیا بہت مشکلات اور چیلنجوں سے بھرے دورسے گزر رہی ہے ۔ ہر شخص امن اور سکون کا ماحول پیدا کرنے کے لئے اپنی طرف سے زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کا خواہش مند ہے اور اس کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ کچھ لوگ یہ کام مختلف سوشل سائٹس پر اپنے خیالات کا اشتراک کرکے کر رہے ہیں ۔ کچھ لوگ انڈیا گیٹ پر دھرنے مظاہرے کرکے اور کچھ لوگ اپنے گھروں پر چھوٹی موٹی عبادت کرکے سکون حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ صرف ایک ہی چیز ایسی ہے جو انہیں آپس میں یکجا کیا ہے اور وہ ہے کردار ادا کرنے کی خواہش اور اور تبدیلی لانے کے لئے کچھ نہ کچھ کرنے کا جذبہ ۔ ہر شخص اپنی طرف سے اہم کردار ادا کرنے کے راستے تلاش رہا ہے پھر چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا۔ واپس پلٹ کر دیکھیں تو 2009 ء میں میں بھی کچھ ایسی ہی کیفیت سے گزر رہا تھا ۔ اس وقت معاشرے کو کچھ واپس دینے کے لئے میں انتہائی بے قرار تھا اور اپنے سماجی عمل کا ایک حصہ بنانا چاہتا تھا ۔ لیکن میں ایسا کرنے کے لئے کوئی مناسب پلیٹ فارم تلاش نہیں کر پا رہا تھا اور اس طرح اپنی زندگی با مقصد بنانے کے لئے 'ہلابول' کا تصور ذہن میں پیدا ہوا۔ اس طری سماج میں تبدیلی لانے کا مجھے ایک موقع حاصل ہوا۔

میں نے محسوس کیا کہ ہندوستان بہت سے چھوٹے چھوٹے مسائل سے دوچار ہے اور ایسے میں میری یہ خواہش تھی کہ کسی مشن میں شامل ہوجاؤں جس کا میں ایک حصہ بن سکوں اور اپنا کچھ کردار ادا سکوں ۔ میں خود کو اور اپنے جیسے دوسرے لوگوں کے ساتھ اشتراک کرنے کا ایک ذریعہ فراہم کرنا چاہتا تھا ' ایک ایسا ذریعہ جو ہماری آج کی زندگی سے تعلق رکھتا ہو۔ ایک ایسا ذریعہ جو سخاوت اور سماجی تبدیلی کی تعریف کوایک نئی شکل دیتے ہوئے بھوک ہڑتال' گنجان بستیوں میں کام کرنے' صدقہ ' خیرات کرنے وغیرہ سے باہر لے جائے اور ہمیں ہماری سرحدوں اور طاقت کو سمجھنے میں مدد کرے ۔ اس کی وجہ سے ہم سماجی تحریک کا حصہ بننے کے بہتر طریقے تلاش کر سکیں ۔

آپ کے سوال کے دوسرے حصہ کا جہاں تک تعلق ہے ' اس کے جواب میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ '' ہلابول'' تبدیلی کی طرف گامزن کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ایک ایسا موقع جو آپ کو خواب غفلت سے جگاتے ہوئے ایک نئی توانائی پیدا کرتا ہے تاکہ آپ میدان عمل میں چھلانگ لگا سکیں ۔ میں کوئی فلسفہ پیش نہیں کر رہا ہوں لیکن پھر بھی میں ان سادہ الفاظ پر یقین کرتا ہوں کہ ہم جس تبدیلی کی امید کرتے ہیں' اس کو یقینی بنانے کا ذریعہ بھی کوئی اور نہیں بلکہ ہم خود ہی ہو سکتے ہیں ۔ اگر ہم میں سے ہر کوئی تبدیلی کے لئے پہل کرے اور صرف ایک کام کا انتخاب کرے تو ہم سب مل کر ایک بہت بڑی تبدیلی لانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔

یوراسٹوری : اب تک صارفین کا ردعمل کیسا رہا ؟ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرنے اور سماجی تبدیلی کے اقدامات کا ایک حصہ بننے کے لئے آپ کے پلیٹ فارم کو کس طور پر اپنایا ہے؟

انکورگپتا : جب آپ کوئی بھی نیا کام شروع کرتے ہیں تو رکاوٹیں اور پریشانیاں ضرور پیش آتی ہیں ۔ ہم نے بھی پیش آنے والی پریشانیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ کڑی آزمائش ' جدوجہد اور تجربات سے بہت کچھ سیکھتے ہوئے خود کو مضبوط بنانے میں ہم کامیاب رہے۔ کسی بھی نیک کام کے لئے ابتدائی وسائل جمع کرنے میں وقت لگتا ہے اور خاص طور اس لئے کیونکہ ہم ایک ایسے وقت میں اپنے کام کو انجام دے رہے ہیں جب سماجی تبدیلی لانے کی سمت میں بہت سے دیگر لوگ بھی ہماری طرح کے پلیٹ فارم کا استعمال کر رہے ہیں ' یہ ایک اچھی علامت ہے ۔ ہم نے جس کام کو ہاتھ میں لیا ہے وہ کافی بڑا ہے اور اگر اس کام میں مزید اورہاتھ اور جڑ جائیں تو اور بہتر طریقہ سے ہم اپنے منصوبہ کو انجام دے سکتے ہیں ۔''ہلابول'' کے تعلق سے جو بھی رد عمل سامنے آیاایسے میں اچھے یا برے خانوں میں تقسیم نہیں کروں گا لیکن میں نے اسے ایک مسلسل رد عمل کا نام دوں گا اور یہی ہمارا سب سے بڑا انعام ہے۔

ہمارے لئے یہی حقیقت کہ وہ لوگ (ملازم' رضاکارانہ' دوست' پورٹل پر پیش ہونے والے بہی خواہ' اصحاب الرائے' این جی او وغیرہ) جو ہمارے ساتھ 26 جنوری 2012 کو ''ہلابول'' کے رسمی افتتاح کے وقت وابستہ ہوئے تھے آج بھی ہمارے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور یہی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے ۔ جیسا کہ میں نے اوپر بتایا ہم میں سے ہر ایک کو ان کے احساسات ' درد ' مایوسی' تخلیقی صلاحیتوں اور دیگر جذبات کا اظہار کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہوتی ہے اور ''ہلابول''انہیں ایک موقع فراہم کرتا ہے ۔ لوگ ہمارے پورٹل پر آتے ہیں اور ہمارے ساتھ بات کرنے کے علاوہ آپس میں بھی تبادلہ خیال کرتے ہیں ۔ وہ یہاں پر اپنی کہانیاں' تجربات' تکلیف دہ مشاہدات' کامیابیاں اور ناکامیاں سمیت بہت کچھ اشتراک کرتے ہیں ۔ لوگوں سے مسلسل مل رہی رائے ہمارے لئے سب سے بڑا حوصلہ بخش رد عمل ہے۔ ہم لوگوں کے لئے جوش و خروش سے بھرپور ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔

میں آپ کو کچھ مثالوں کے ذریعہ سمجھانے کی کوشش کروں گا ۔ ہماری سب سے پہلی کامیاب پہل تیزآب حملے کی شکار خاتون کے حق میں ایک پٹیشن تھی ۔ تمام ہندوستان کے لوگوں نے ہمارے اس کام کی حمایت کے لئے آپس میں ہاتھ ملایا ۔ جھارکھنڈ کی سونالی مکھرجی کے لیے ''ہلابول'' کی پٹیشن کے حق میں دنیا بھر کے کم و بیش 5700 لوگوں سے دستخط حاصل کرنے میں کامیابی ملی ۔ اس کے علاوہ انہیں 1500 ارکان کے تاثرات دستیاب ہوئے۔ ملر اور وشبیری ڈاٹ این کے تعاون سے لوگوں نے ایک اچھی خاصی رقم ان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی ۔''ہلابول''ٹی وی پر ان کے ویڈیوز کو 50 ہزار سے بھی زیادہ لوگوں نے مشاہدہ کیا ۔ اس کے فوری بعد سونالی کومیڈیا میں بے حد تر کوریج حاصل ہوا ۔ سٹار پلس پر پیش ہونے والے مشہور پروگرام '' کے بی سی'' میں بھی سونالی کو خاص طور پر مدعو کیا گیاجس کی وجہ سے وہ کافی مشہور ہو گئیں ۔

اس کے علاوہ دیوالی کے تہوار سے کچھ دن پہلے ایک این جی او نے سبز دیوالی مہم کیلئے ہم سے رابطہ پیدا کیا ۔ اس میں لئے جانے والے ہر عہد کے لئے 10 روپے ملنے تھے ۔ اس رقم کا استعمال محروم طبقے کے لوگوں کے لئے شمسی توانائی کے کاموں میں کیا جانا تھا ۔ یہ مہم انتہائی مؤثر طریقے سے زائد از13 ہزار روپے جمع کرنے میں کامیاب رہی ۔

فی الحال 'ہلابول' بڑے جوش و خروش کے ساتھ دو مہم چلا رہا ہے اور اپنے مقصد کو پورا کرنے کی سمت میں انہیں عوام کی زبردست حمایت حاصل ہو رہی ہے ۔ پہلی مہم تیزاب حملوں کی شکارخاتون کے لئے انصاف کی ایک پٹیشن ہے اور دوسری دہلی اجتماعی عصمت ریزی کے واقعات سے متعلق ''اسٹاپ دی ابیوز'' پہل ہے۔

یوراسٹوری : آپ کی نظر میں موجودہ ماحول میں سماجی خدمات انجام دینے والے لوگوں کے سامنے سب سے بڑے چیلنج کیا ہیں؟ آپ کی نظر میں ایک ایسی دنیا کی تعمیر کا کیا ذریعہ ہو سکتا ہے؟ جہاں ہر کوئی تبدیلی لانے میں ایک اہم رول ادا کر سکے۔

انکور گپتا :

ایمانداری کی بات ہے کہ میں کسی چیلنج کے بارے میں تو سوچ ہی نہیں سکتا ۔ جب آپ کوئی سڑک پر نکلتے ہیں تو راستے میں آنے والی رکاوٹیں' کسی کو رفتار کم کرنے کے لئے مجبور کر دیتی ہے اور کسی کے لئے راستہ آسان بنا دیتی ہیں جس کی وجہ سے وہ تیزرفتاری کے ساتھ آگے نکل جاتا ہے ۔ سماجی آنٹرپرینرس کو بھی راستے میں آنے والی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

میرے سامنے تقریباً روزانہ ہی کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ ہوتا ہے جو مجھے آگے بڑھتے رہنے کی ترغیب دیتاہے ۔ جب بھی کوئی پیشہ ور نوجوان میرے دفتر میں آتا ہے اور اس ٹیم کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کرتا ہے تو مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے 'میراحوصلہ بلند ہوتا ہے ۔ اصل میں اب پیشہ ور افراد بھی سماجی شعبہ کو روزگار کے مواقع کے طور پر دیکھنے لگے ہیں ۔ یہ حقیقت ہے کہ وہ ملک جو ایک وقت جیسکا لال اور آروشی تلوار کے لئے ہاتھ ملا کر کھڑا ہو گیا تھا آج ایک 23 سال کی لڑکی کی مددکے لئے آگے آ رہا ہے اور یہ ایک بہت ہی خوشگوار تبدیلی ہے ۔ اپنے فیس بک پروفائل تصویر کو 'سیاہ دھبوں' میں تبدیل کرنا تبدیلی کے ساتھ ساتھ بیداری اور بڑھتی ہوئی حساسیت کی علامت ہے ۔ ہمیں نیند سے جاگ جانے کے لئے کسی واقعہ کے ہونے کا انتظار نہیں ہے بلکہ ہم پہلے ہی سے بیدار اور با شعور ہیں ۔ کیا یہ حوصلہ بخش تبدیلی نہیں ہے؟

قلمکار : نشانت گوئل

مترجم : شفیع قادری